
تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ حکومت نے مذاکرات میں تعطل پیدا کر کے شدید مایوسی پھیلائی ہے اور موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے لچک کا مظاہرہ کرنے کے بجائے سخت رویہ اپنایا گیا، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ملک کو معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سے نکالنے کے لیے حکمرانوں کے پاس کوئی واضح لائحہ عمل نہیں ہے، ضد اور انا کے بجائے سنجیدہ حکمتِ عملی کی ضرورت ہے کیونکہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی قسم کے غیر معمولی انتظامی اقدامات یا گورنر راج کے نفاذ کی باتیں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنائیں گی، جبکہ عوامی مشکلات اور قرضوں کے بوجھ کے باوجود حکومتی ترجیحات عوامی مفادات کے بجائے سیاسی تنازعات پر مرکوز ہیں۔















