
حکومت نے نئے سولر صارفین پربجلی گرادی ،نیپرا نے نیٹ بلنگ کا نیا نظام متعارف کرواتےہوئےسولر صارفین کا زیرو بل کا خواب چکنا چورکردیا ۔صارفین کو اب یونٹ کی قیمت ادا کرنی ہوگی، یونٹ کےبدلے یونٹ کی فراہمی ختم کردی گئی۔
نیشنل گرڈ کو بجلی فروخت کرنے کے ریٹس میں کمی کردی گئی۔ نیپرا نے نیٹ بلنگ کا نیا نظام متعارف کروادیا۔نئے ریگولیشنز 2026 کا نو ٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔
نئے ریگولیشنز کے مطابق پرانے سولر صارفین اپنی بجلی نیشنل گرڈ کو 25 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے پرانے ریٹس پر ہی بیچیں گے مگر نئے صارفین کے لیے نیشنل گرڈ کو بیچی گئی بجلی کے فی یونٹ ریٹ میں 17 روپے 19 پیسے کی بڑی کمی کر دی گئی ہے۔اب نئے صارف کو اس کی فی یونٹ قیمت 3 گنا سے بھی کم یعنی 8 روپے 13 پیسے ملے گی ۔
نئے اور پرانے صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا بھی نیا نظام متعارف کرا دیا گیا ، صارف کا یونٹ اب سرکاری یونٹ کے برابر نہیں ہو گا، اب نیشنل گرڈ سے لی گئی ساری بجلی کی فی یونٹ قیمت حکومتی ٹیرف اور سلیبس کے حساب سے ہو گی۔نئے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے لائسنس کی مدت 7 سال سے کم کر کے5 سال کر دی گئی ہے ۔ملک میں اس وقت 7 ہزار میگاواٹ کی صلاحیت کے نیٹ میٹرنگ سولر سسٹم لگ چکے ہیں۔ ملک میں سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کی کل تعداد 4 لاکھ 66 ہزار ہے۔ پاکستان میں نیٹ میٹرنگ سولر صارفین کا 82 فیصد بڑے شہروں میں ہے۔















