پنجاب میں جاری ترقی عوام کیلئے فائدہ مند،صباقمرمریم نوازکی معترف

0
25

پاکستان شوبزانڈسٹری کی معروف اداکارہ صباقمر بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کاموں کی معترف نکلیں،انہوں نےکہاکہ پنجاب میں جاری ترقی عوام کے لیے فائدہ مند ہے۔
معروف اداکارہ صبا قمر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے کام ترقی کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ صبا قمر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حال ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی انتظامیہ کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کے لیے صوبے بھر میں گٹروں کے ڈھکن لگائے جائیں اور سڑکوں پر موجود گٹروں کی تعمیر و مرمت کو یقینی بنایا جائے۔
سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ کلپ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس پر اداکارہ صبا قمر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی تعریف کی۔
صبا قمر نے مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ کچھ عرصے سے پنجاب بھر میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں کا مشاہدہ کر رہی ہیں، اور وزیراعلیٰ کی حالیہ تقریر نے بہتری کے لیے حقیقی عزم کو ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر طرزِ حکمرانی، عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے اٹھایا گیا ہر قدم قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقی سے سب کو فائدہ پہنچے گا اور انہیں امید ہے کہ یہ مثبت تبدیلی پنجاب اور اس کے عوام کے لیے جاری رہے گی۔

Leave a reply