نجی اسکولوں کا 3 ماہ کی گرمیوں کی چھٹیوں کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

0
5

لاہور میں نجی سکولوں کی تنظیموں نے پنجاب حکومت کی جانب سے 22 مئی سے 24 اگست تک گرمیوں کی طویل تعطیلات کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نجی سکولوں کے نمائندوں کے مطابق اس فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ اور اس کے راولپنڈی، ملتان اور بہاولپور بینچز میں چیلنج کیا جائے گا۔
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک کا کہنا ہے کہ تین ماہ کی طویل تعطیلات سے طلبہ کی تعلیم میں دلچسپی کم ہو جاتی ہے جبکہ موبائل اور ٹی وی کے استعمال میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ طویل تعلیمی وقفے سے سکول چھوڑنے والے بچوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے اور تعلیمی تسلسل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر عرفان مظفر کیانی نے مطالبہ کیا کہ تعطیلات یکم جون سے 14 اگست تک محدود کی جائیں جبکہ نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے سمر کیمپ کی اجازت بھی دی جائے۔
دیگر نمائندوں نے تجویز دی کہ شدید گرمی کے دوران سکول مکمل بند کرنے کے بجائے اوقات کار کم یا تبدیل کیے جائیں تاکہ نصاب بروقت مکمل ہو سکے۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مارچ میں اسکول مکمل بند رہے جبکہ اپریل میں بھی تدریسی سرگرمیاں محدود رہیں، جس کے باعث نصاب مکمل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پنجاب بھر کے اسکولوں میں 22 مئی سے 23 اگست تک تعطیلات کا اعلان کیا تھا جبکہ تعلیمی ادارے 24 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔

Leave a reply