پنجاب حکومت کا یکم جولائی سے تمام سرکاری دفاتر کو پیپر لیس نظام پر منتقل کرنے کا فیصلہ

0
4

 پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام اضلاع میں سرکاری دفاتر کو یکم جولائی سے مکمل طور پر پیپر لیس نظام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ای گورننس کے فروغ اور دفتری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے ایک بڑا اقدام اٹھایا ہے، جس کے تحت تمام سرکاری دفاتر کو “ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم” سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

یہ فیصلہ سول سیکرٹریٹ لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبائی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ یکم جولائی سے تمام فیلڈ دفاتر اپنی سرکاری خط و کتابت اور دفتری امور مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انجام دینے کے پابند ہوں گے۔

چیف سیکرٹری کے مطابق پیپر لیس سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف کاغذ، سٹیشنری اور پرنٹنگ کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ دفتری امور میں رفتار اور شفافیت بھی بہتر ہوگی، جس سے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہوگی۔

انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ مقررہ تاریخ سے قبل ملازمین کی تکنیکی تربیت اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تیاری مکمل کی جائے تاکہ نئے نظام پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a reply