کہیں بارش، کہیں برفباری، نئے سال کیساتھ موسم نے رنگ بدل لیا

کہیں بارش ، کہیں برفباری،موسم نے نئے سال کیساتھ نئی کروٹ لے لی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں جاری برفباری ، جبکہ میدانی علاقوں میں مسلسل بوندا باندی نے ٹھنڈ کو بڑھا دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سائبیرین ہوائیں شہر قائدمیں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملے گی اور امکان ہے کہ پچھلے سال کی طرح شہر کا پارہ سنگل ڈیجٹ تک گر جائے۔گزشتہ رات سے کراچی میں بارش کا سلسلہ جاری رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر کے مطابق سب سے زیادہ بارش کیماڑی میں ریکارڈ کی گئی، جس کی مقدار چھ ملی میٹر رہی، تاہم بارش کا سلسلہ اب کراچی سے ختم ہو چکا ہے۔ آج شام تک بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی کا امکان برقرار ہے۔
انجم نذیر کے مطابق مغربی ہوائیں مشرق کی جانب منتقل ہوں گی اور سائبیرین ہواؤں کے اثرات شروع ہوں گے، جس کے باعث شہریوں کو اگلے چند دنوں میں سردی میں اضافہ محسوس ہوگا۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرد موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضرورت کے مطابق گرم کپڑوں کا استعمال کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو روز، یعنی 4 اور 5 جنوری کو سردی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔















