روس ایران کو ڈرون پرزے فراہم کر رہا ہے،امریکی اخبار

روس اور ایران کے درمیان تعاون سے متعلق امریکی اخبار کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس ایران کو بحیرہ قزوین کے راستے مختلف سامان اور ڈرونز کے پرزے فراہم کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق روس آبنائے ہرمز کے بجائے متبادل راستوں کے ذریعے سامان ایران منتقل کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے، جبکہ اس تعاون سے ایران کی ڈرون صلاحیت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق روسی معاونت کے باعث ایران کے ڈرون ذخیرے میں اضافہ ہو رہا ہے اور اگر یہ تعاون جاری رہا تو ایران اپنی دفاعی ٹیکنالوجی کو مزید وسعت دے سکتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ تقریباً 20 لاکھ ٹن روسی گندم بحیرہ قزوین کے ذریعے ایران منتقل کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ دعوؤں پر متعلقہ ممالک کی جانب سے تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔















