رمضان کی بابرکت ساعتیں:دنیا کا سب سے بڑا قرآن کریم توجہ کا مرکز

0
4

رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں،گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل دنیا کا سب سے بڑا قرآن کریم توجہ کا مرکز بن گیا۔
مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں قائم قرآن میوزیم میں دنیا کے سب سے بڑے قرآن کریم کے نسخے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ۔ یہ نسخہ 700 صفحات پر مشتمل ہے اور اس کا حجم 312 سینٹی میٹر لمبا اور 220 سینٹی میٹر چوڑا ہے، جو اسے تاریخی اور فنی اعتبار سے منفرد بناتا ہے۔
یہ عظیم نسخہ دسویں صدی ہجری کے ایک بڑے قرآنی نسخے کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، جس کا اصل حجم 45 × 30 سینٹی میٹرہے اور اس میں سورتوں کو خط خلط ثلث اور سورۃ الفاتحہ کو خطِ النسخ میں لکھا گیا ہے، جو عربی فنِ خطاطی کی اعلیٰ مہارت اور فنونِ اسلامی میں مہارت کا عکاس ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے قرآن کریم کے اس نسخے کی بائنڈنگ، گلڈنگ اور سجاوٹ اسلامی فنِ تعمیر اور طرزِ تزئین کی منفرد جھلک پیش کرتی ہے اور یہ نا صرف ایک دینی ورثے، بلکہ فنِ کتابت اور خطاطی کا بھی ایک اعلیٰ نمونہ ہے۔قرآنِ کریم کے اس قدیم نسخے کو ہجری سال 1300 بمطابق1883 عیسوی میں وقف کیا گیا تھا اور یہ اب تک شاہ عبدالعزیز کمپلیکس اوقاف لائبریری میں محفوظ ہے۔
قرآن میوزیم میں موجود یہ نسخہ یہاں آنیوالے زائرین اور محققین کو معلوماتی و تحقیقی مواقع فراہم کرتا ہے، اس کے علاوہ انہیں یہاں موجود مختلف ادوار کے قرآنی نسخوں کے بارے میں مکمل معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

Leave a reply