دشمن کوجنگ میں تاریخی نقصان اٹھاناپڑا،امریکاکو10نکاتی منصوبے پر رضا مندکیا،ایران

0
3

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے جنگ بندی کے معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
دو ہفتوں کی جنگ بندی اور مجوزہ مذاکرات سے متعلق جاری بیان میں کونسل نے مؤقف اختیار کیا کہ مخالف فریق کو جنگ میں واضح اور تاریخی نقصان اٹھانا پڑا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران نے امریکا کو 10 نکاتی منصوبے پر رضامند کیا، جس میں عدم جارحیت کی یقین دہانی اور آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول کو برقرار رکھنے کی تجاویز شامل ہیں۔
کونسل کے مطابق دیگر نکات میں ایران کے جوہری پروگرام میں افزودگی کو تسلیم کرنا، تمام بنیادی و ثانوی پابندیوں کا خاتمہ، سلامتی کونسل اور بورڈ آف گورنرز کی قراردادوں کو ختم کرنا، ایران کو معاوضہ دینا اور خطے سے امریکی افواج کے انخلاء جیسے امور شامل ہیں۔
اعلامیے میں لبنان سمیت مختلف محاذوں پر جنگ بندی کو یقینی بنانے کی تجویز کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جبکہ قوم کو ہدایت کی گئی ہے کہ مکمل تفصیلات سامنے آنے تک اتحاد اور یکجہتی برقرار رکھی جائے۔
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران نے پاکستان کی پیش کردہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کی تجویز کو قبول کر لیا ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا نے ایران کی شرائط تسلیم کیں، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کیا۔
ایران کے مطابق مذاکرات کا آغاز 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا، اور باہمی اتفاق کی صورت میں ان مذاکرات کو مزید آگے بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔

Leave a reply