’دھی رانی پروگرام‘ کےتحت حکومت کا شادی پر 2 لاکھ روپے دینے کااعلان

0
3

پنجاب حکومت نے مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات میں معاونت کے لیے اپنا فلاحی منصوبہ ’دھی رانی پروگرام‘ دوبارہ شروع کر دیا۔
جس کے تحت اہل دلہنوں کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ روپے بطور ’سلامی‘ فراہم کیے جائیں گے جبکہ اجتماعی شادیوں کی تقریبات کے تمام اخراجات بھی صوبائی حکومت خود برداشت کرے گی۔
محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کی جانب سے کہا گیا کہ اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا دوبارہ آغاز 12 نومبر 2026ء سے کر دیا گیا ہے، اور حکومت کا ہدف ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران مزید 5 ہزار مستحق جوڑوں کی شادیاں کروائی جائیں۔
پروگرام کے تحت یتیم بچیوں، معذور خواتین، معذور افراد کی بیٹیوں اور انتہائی کم آمدنی والے خاندانوں کی بچیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
درخواست کے لیے لازمی شرائط
دلہن کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہو اور اس کے پاس پنجاب کا درست ڈومیسائل ہو۔
دلہن غیر شادی شدہ ہو اور اس کا رشتہ طے پا چکا ہو۔
دلہن سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت پر رضامند ہو، جس کے لیے غیر شادی شدہ ہونے اور رضامندی کا بیانِ حلفی جمع کرانا ہوگا۔
درخواست دلہن خود یا اس کے والد، والدہ یا قانونی سرپرست جمع کرا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 لاکھ روپے کی مالی امداد صرف سرکاری اجتماعی شادیوں میں شریک ہونے والی دلہنوں کو ملے گی، نجی طور پر شادی کرنے والے خاندان اس امداد کے اہل نہیں ہوں گے۔
آن لائن اپلائی کرنے کا طریقہ کار
دلچسپی رکھنے والے خاندان پنجاب دھی رانی پروگرام کے آفیشل پورٹل https://cmp.punjab.gov.pk/ پر جا کر آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں:
آفیشل ویب سائٹ پر جا کر درخواست گزار اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، ضلع اور موبائل نمبر درج کر کے اکاؤنٹ بنائیں۔
اکاؤنٹ میں لاگ ان ہونے کے بعد آن لائن فارم میں دلہن کی ذاتی معلومات اور دیگر مطلوبہ تفصیلات درج کریں۔
پورٹل کی ہدایات کے مطابق شناختی دستاویزات، ڈومیسائل اور دیگر معاون ریکارڈ اپ لوڈ کریں اور معلومات کا جائزہ لے کر درخواست جمع کرا دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد امیدواروں کی منظوری دی جائے گی، تاہم اگر اہل درخواستوں کی تعداد دستیاب کوٹے سے زیادہ ہوئی تو انتخاب الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔
کامیاب امیدواروں کو اجتماعی شادی کی تاریخ اور انتظامات سے متعلق ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا جائے گا، جہاں تقریب کے دوران انہیں 2 لاکھ روپے مالیت کے اے ٹی ایم کارڈز دیے جائیں گے۔

Leave a reply