انسانوں کیلئے چیلنج:جدید ترین روبوٹ اب ٹینس بھی کھیلنے لگے

روبوٹ اور انسان میں ٹینس میچ،ٹینس کھیلنے والا روبوٹ، جو اس کھیل کا مستقبل بدل کر رکھ دے گا۔
چینی کمپنی گال بوٹ نے ایک روبوٹ کو ٹینس کھیلنے کے قابل بنا دیا ۔اس کے لیے انہوں نے ایک اور کمپنی یونی ٹری کے روبوٹ کو لیا اور اسے ٹینس کھیلنا سیکھایا اور پھر اس کا مقابلہ ایک انسان سے کرایا۔اس ٹیکنالوجی کیلئے روبوٹ کو زیادہ طویل اور سخت ٹریننگ دینے کی بجائے اسے انسانی حرکت کے طریقے کو سمجھنے کی تربیت دی گئی، تاکہ وہ سمجھ سکے کہ ٹینس کھیلنے کیلئے کن صلاحیتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
تجربے اور مشاہدے میں محققین حیران کن طور پر یہ تعین کرنے میں کامیاب رہے کہ اس حکمت عملی سے روبوٹ کیلئے ٹینس کھیلنا ممکن ہو جاتا ہے۔یونی ٹری جی 1 نامی روبوٹ نے اس مقابلے کے دوران گیند کو متعدد طریقوں سے واپس ہٹ کیا۔یہ روبوٹ صرف میکانیکی نقل تک محدود نہیں، بلکہ ذہانت پر مبنی فیصلہ سازی کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹ طویل اور تیز رفتار ریلیز کھیل سکتا ہے، گیند کو درستگی کے ساتھ ہٹ کرتا ہے اور اس کی حرکات کافی حد تک قدرتی محسوس ہوتی ہیں۔یہ روبوٹ بغیر تھکے ملی سیکنڈز میں ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کا مقابلہ کرنا آسان نہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ دنیا کا پہلا روبوٹ ہے، جو حقیقی وقت میں پورے جسم کے ساتھ ٹینس کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔















