عمران خان سے ملاقات میں کوئی رکاوٹ نہیں،رانا ثنا اللہ

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی اموررانا ثنااللہ نےکہاہےکہ حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں کوئی رکاوٹ نہیں ۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو طریقہ کار پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی، ملاقات میں طریقہ کار کی پاسداری اور قانون پر عمل کریں تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں کوئی رکاوٹ نہیں، اگر جیل حکام ہائیکورٹ کےحکم کی پاسداری نہیں کر رہے تو انہیں عدالت سے رجوع کرنا چاہئے۔
اُن کامزیدکہناتھاکہ تحریک انصاف والے کہتے ہیں کہ پہلے ملاقات کرائیں، پھر عمران خان کو منائیں گے ،لیکن ہمیں اندازہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات نہیں چاہتے ، ریاست سے ٹکراؤ کی پالیسی سے انہیں نقصان ہوگا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی پر حکومت کی نیت پر کسی قسم کا شک نہیں ہونا چاہیے۔ مذاکرات کی آفر وزیراعظم شہباز شریف ،مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور اسٹیبلشمنٹ کو اعتماد میں لے کر کی لیکن اپوزیشن احتجاج کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اس لئے وہ 5 فروری کو پہیہ جام کرکے دیکھ لے، اس کے بعد بات چیت کرلیں گے۔















