مری:ملکہ کوہسار میں عید پر سیاحوں کی سہولیات کیلئے انتظامات مکمل

ملکہ کوہسارمری میں عیدالفطر کے موقع پر سیاحوں کی سہولیات کیلئے انتظامات مکمل کرلیےگئے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت اجلاس میں عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت، سہولیات کی فراہمی اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامات اور متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پرمتعلقہ محکموں کے سربراہان نے عیدالفطر کوپلان کے تحت اپنی تیاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے ممکنہ حادثات کے پیش نظر ٹریفک پلان، ریسکیو و طبی سہولیات، بجلی و گیس کی فراہمی، صفائی ستھرائی، سکیورٹی اور سیاحوں کی رہنمائی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران ہائی الرٹ رہیں اور فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں اور سیاحوں کی سہولت کیلئے ہیلپ ڈیسک اور فسیلیٹیشن مراکز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے، جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت کا عملہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت فوری کارروائی کو یقینی بنائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیاحتی مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر مری نے تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کو ہدایت جاری کی کہ وہ سیاحوں کی سہولت کیلئے انتظامات بہتر بنائیں ۔انہوں نے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران سڑکوں پر احتیاط سے ڈرائیونگ کریں اور موجودہ حالات کے پیش نظر غیر ضروری ہجوم سے گریز کریں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر ریسکیو 15، ریسکیو 1122 اور ضلعی کنٹرول رومز سے رابطہ کریں۔















