
پاکستان نے ایران اور امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی غیر ملکی دورے سے واپسی کے بعد ہی ثالثی مذاکراتی عمل کے دوسرے مرحلے کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دونوں فریقین نے پاکستان کو مطلع کیا ہے کہ دوسرے مرحلے میں بھی وہی وفود شریک ہوں گے جنہوں نے پہلے دور میں اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں حصہ لیا تھا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم کی واپسی کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ ہفتے اسلام آباد میں شروع ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت خطے کے اہم ممالک کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے سعودی عرب کا دورہ مکمل کیا ہے جبکہ وہ قطر اور ترکیہ بھی جائیں گے۔















