وساکھی میلہ:سکھ یاتری10اپریل کوپاکستان پہنچیں گے

0
9

سکھوں کے مذہبی تہوار وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن پر ہزاروں سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی تیاریوں کے سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب میں ایک اعلیٰ سطحی انتظامی اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے دوران ِبریفنگ بتایا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری وساکھی تقریبات میں شرکت کریں گے، جبکہ معاہدے کے مطابق تین ہزار یاتری 10 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔
مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہوگی۔ یاتری ننکانہ صاحب، فاروق آباد شیخوپورہ، کرتارپور، ایمن آباد اور لاہور سمیت مختلف مقدس مقامات کا دورہ کریں گے۔
یاتریوں کیلئے فول پروف سکیورٹی، معیاری طبی سہولیات اور بہترین ٹرانسپورٹ کا بندوبست کیا جائے گا۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ تمام ادارے باہمی تعاون سے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں، تاکہ پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے اجاگر ہو۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب دنیا بھر سے آنیوالے مہمانوں کی ان کی روایات کے مطابق بھرپور میزبانی کرے گی اور یاتریوں کی حفاظت اور آرام دہ قیام کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

Leave a reply