ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ : خواتین کرکٹرز کا کیمپ کراچی میں شروع ہوگیا۔

0
16

کیمپ میں 28 کرکٹرز شریک ، دو پریکٹس میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ محمد وسیم ویمنز ایشیا کپ کے لیے پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہوگئے۔

آئندہ ماہ ہونے والے اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2024 کے سلسلے میں پاکستان ویمنز ٹیم کا چار روزہ ٹریننگ کیمپ بدھ کے روز حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شروع ہوگیا۔

ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے کیمپ میں 28 کرکٹرز کو مدعو کیا ہے ۔کمیٹی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد دمبولا سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔ کھلاڑی جمعہ کو بھی نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی جبکہ وہ جمعرات اور ہفتے کے روز معین خان کرکٹ اکیڈمی میں دو ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچز کھیلیں گی۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ محمد وسیم ہیڈ کوچ ہونگے جبکہ سابق ٹیسٹ بولرز عبدالرحمن اور جنید خان بالترتیب اسپن بولنگ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ ہونگے۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی ویمنز ایشیا کپ 19 سے 28 جولائی تک سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو گروپ اے میں بھارت نیپال اور یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کے پہلے روز پاکستان روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرے گا جبکہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ 21 اور 23 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

کیمپ میں شریک کھلاڑی یہ ہیں۔ عالیہ ریاض، انوشے ناصر، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ ، دعا ماجد، ایمان فاطمہ، فاطمہ ثنا ، گل فیروزہ، حمنہ بلال، ارم جاوید، ماہم منظور، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، قرۃ العین، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ُیسری عامر، ام ہانی اور وحیدہ اختر۔

ویمنز ایشیا کپ کے لیے پلیئر سپورٹ اسٹاف ۔ حنا منور ( منیجر ) محمد وسیم ( ہیڈ کوچ ) عبدالرحمن ( اسپن بولنگ کوچ ) جنید خان ( اسسٹنٹ کوچ ) حنیف ملک ( فیلڈنگ کوچ ) رابعہ صدیق ( فزیو ) ولید احمد ( انالسٹ ) ۔ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کا اعلان ابھی ہونا ہے۔

Leave a reply