سعودی حکومت نے بغیر اجازت حج کرنے پر سخت سزاؤں کا اعلان کردیا

سعودی حکومت نے حج کے لیے لازمی اجازت نامہ حاصل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق بغیر اجازت حج کرنے یا اس کی کوشش کرنے پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ غیرقانونی حجاج کو پناہ دینے یا مدد فراہم کرنے والوں کو ایک لاکھ ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک مؤثر رہیں گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ وزٹ ویزا رکھنے والے افراد کو مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات تک پہنچانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
اس کے علاوہ غیرقانونی طور پر حج کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ملک بدر کیا جائے گا اور ان پر 10 سال کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔















