چیمپئنز ٹرافی 2017 کی تاریخی فتح کو 9 سال مکمل، قومی کرکٹرز نے یادیں تازہ کر دیں

0
4

پاکستان کی تاریخی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فتح کو نو سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس یادگار موقع پر قومی کرکٹرز نے کامیابی سے جڑی اپنی یادوں اور جذبات کا اظہار کیا ہے۔

قومی ٹیم نے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں اوول کے میدان میں روایتی حریف بھارت کو فائنل میں 180 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

سرفراز احمد نے اس کامیابی کو اپنے کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری ٹیم، کوچنگ اسٹاف، مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی مشترکہ محنت کا نتیجہ تھی۔

فائنل میں شاندار سنچری کھیلنے والے فخر زمان نے کہا کہ اس تاریخی میچ کی اننگز اور فتح کی خوشیاں آج بھی ان کے ذہن میں تازہ ہیں۔ ان کے مطابق چیمپئنز ٹرافی نے انہیں بطور کرکٹر بہت کچھ سکھایا۔

قومی اسپنر ابرار احمد نے بتایا کہ انہوں نے 2017 کا فائنل گھر بیٹھ کر دیکھا تھا اور پاکستان کی کامیابی پر بے حد خوش ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب سرفراز احمد ٹرافی کراچی لائے تو وہ اسے دیکھنے گئے، تاہم رش کی وجہ سے قریب سے ٹرافی نہیں دیکھ سکے۔ ابرار کے مطابق آج ٹرافی کو قریب سے دیکھنا ان کے لیے ایک خاص احساس ہے۔

فاسٹ بولر خرم شہزاد نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قومی ٹیم کے لیے نیٹ بولر کے فرائض انجام دے رہے تھے، اور اس کامیابی نے انہیں بھی بے حد متاثر کیا۔

آل راؤنڈر عامر جمال نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنا پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ تھا۔ انہوں نے سیمی فائنل اور فائنل کی یادوں کو ناقابلِ فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ فائنل میں ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ ہونے کے بعد ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی تھی، تاہم اگلی ہی گیند پر شاداب خان کے شاندار کیچ نے میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا تھا۔

پاکستان کی اس تاریخی فتح کو آج بھی ملکی کرکٹ کی عظیم ترین کامیابیوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس نے قوم کو خوشی اور فخر کے بے شمار لمحات دیے۔

Leave a reply