لاہور میں بسنت: سول ایوی ایشن اتھارٹی کا 3 روز کیلئے نوٹم جاری

لاہور میں بسنت فیسٹیول ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 3 روز کیلئے نوٹم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈکوارٹرز نے لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کے حوالے سے نوٹم جاری کردیا۔لاہور میں آج 6 فروری سے 8 فروری تک بسنت فیسٹیول منایا جائے گا، لہٰذا نوٹم بسنت کے دوران لاہور کی فضائی حدود میں پروازوں کی آمدورفت کے حوالے سے جاری کیا گیا ہے ۔
نوٹم کے مطابق ہوائی جہازوں کے پائلٹس کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، نوٹم کے مطابق پائلٹس کم اونچائی پر پرواز اور ٹیک آف کے مرحلے میں اضافی چوکس اور محتاط رہیں۔
نوٹم میں کہا گیا ہے کہ جہازوں کے پائلٹس لینڈنگ کےوقت بھی پتنگ بازی کے ضمن میں انتہائی احتیاط کریں۔ نوٹم میں اس حوالے سے ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔















