ماہِ صیام کا استقبال! لندن میں ’’رمضان لائٹس‘‘کا شاندارافتتاح

رمضان المبارک کاشایانِ شان استقبال،میئر صادق خان نے لندن میں’’رمضان لائٹس ‘‘کا افتتاح کر دیا۔
میئر صادق خان نے ماہِ صیام کے استقبال کے سلسلے میں رمضان لائٹس کا افتتاح کردیا، جس کے بعد سڑکیں برقی قمقموں سے جگمگا اٹھیں۔ برطانوی دارالحکومت لندن میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے استقبال کیلئےرمضان لائٹس روشن کر دی گئی۔
لندن کے میئر صادق خان نے ایک پروقار تقریب میں ان لائٹس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر لندن میں بارش اور شدید سردی کے باوجود سیکڑوں کی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔اس موقع پرلوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا اور جیسے ہی بٹن دبا کر روشنیاں آن کی گئیں، لندن کی معروف سڑکیں رمضان کے برقی قمقموں سے جگمگا اٹھیں۔
اس موقع پرمیئر لندن صادق خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لندن مغربی دنیا کا وہ پہلا شہر ہے ،جس نے سرکاری سطح پر رمضان لائٹس لگانے کی روایت شروع کی اور یہ مسلسل چوتھا سال ہے کہ ہم نے اسے برقرار رکھا ہوا ہے، یہ روشنیاں صرف ایک مذہبی تہوار کی علامت نہیں ،بلکہ یہ مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کی نمائندگی کرتی ہیں۔
میئر صادق خان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ لندن کا تنوع اس کی سب سے بڑی طاقت ہے اور یہ لائٹس اس تنوع کا خوبصورت اظہار ہیں۔آپ کو بتاتے چلیں کہ لندن کے مشہور علاقوں جیسے پکاڈیلی سرکس اور آکسفورڈ سٹریٹ کے قریبی حصوں کو رمضان لائٹس سے سجایا جاتا ہے، جہاں ماہ ِ صیام کے چاند اور ستاروں کی شکل کے ہزاروں برقی قمقمے رات کے وقت سحر انگیز منظر پیش کرتے ہیں۔ یہ اقدام نا صرف مسلمانوں ،بلکہ سیاحوں اور مقامی غیر مسلم شہریوں کیلئے بھی کشش کا باعث بنتا ہے۔















