عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور، پراسیکیوشن کے دلائل غیر تسلی بخش قرار

0
8

عدالت نےعمران خان اوربشریٰ بی بی کی ضمانت منظورکرتےہوئے پراسیکیوشن کے دلائل غیر تسلی بخش قراردےدئیے۔
عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر پراسیکیوشن کے دلائل مکمل ہوگئے۔ پراسیکیوشن نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی مخالفت کی۔
اسٹیٹ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور وہ ضمانت کے حقدار نہیں۔ پراسیکیوشن نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل دیے۔ سلمان صفدر نے کہا کہ میرے اور عدالت کے کیریئر میں ایسی ضمانت کی درخواستیں پہلی بار آئی ہیں جن میں اتنی تاخیر ہوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا کنڈکٹ عدالت دیکھے، جواز خود سوالیہ نشان ہے۔
سلمان صفدر کے مطابق اس کیس میں ریاست کو 63 التوا دیے گئے جبکہ 30 مواقع پر عدالت نے جیل حکام کو پیش کرنے کا حکم دیا مگر پیش نہیں کیا گیا۔ پانچ مرتبہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل بنیادوں پر نہیں بلکہ میرٹ پر ضمانت مانگیں گے۔ ان کا مؤقف تھا کہ عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 9 مئی کے علاوہ کبھی کوئی درخواست مسترد نہیں ہوئی۔ کچھ کیسز سرکار کی جانب سے ڈرانے کے لیے بنائے جاتے ہیں جن میں فرد جرم بھی عائد نہیں ہوتی، اور جو کیسز آج اس عدالت کے پاس ہیں وہ بھی ایسے ہی ہیں۔
سلمان صفدر نے کہا کہ 5 اگست 2023 کو عمران خان الیکشن کمیشن کے کیس میں گرفتار ہوئے تھے اور ڈھائی سال تک ان کیسز میں گرفتاری کا نہیں کہا گیا۔ کسی کیس میں نہ تفتیش ہوئی اور نہ چالان پیش کیا گیا۔ ان کے بقول پراسیکیوشن کی بھی عمران خان کے خلاف کیسز میں دلچسپی ختم ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2023 میں کیسز بنے مگر اب 2026 آچکا ہے، عدالت پولیس کی ڈائری دیکھ لے کہ کب شاملِ تفتیش کیا گیا۔ انصاف تک رسائی میں رکاوٹیں ڈالی گئیں۔
سماعت کے دوران عدالت نے پراسیکیوشن سے استفسار کیا کہ کیا توشہ خانہ کی رسید ریکور کی گئی؟ پراسیکیوشن نے جواب دیا کہ رسید ریکور نہیں ہوئی۔ پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ جعلی رسیدیں میڈیا پر لہرائی جاتی رہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اگر میڈیا پر لہرائی گئیں تو کیا ان کا فرانزک کرایا گیا؟
پراسیکیوشن کے غیر تسلی بخش جوابات پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانتیں منظور کرلیں۔

Leave a reply