ایران کاپہلی بارملٹی وار ہیڈنصراللہ میزائل سےاسرائیل پرحملہ،حیفاآئل ریفائنریز کونشانہ بنایا

ایران نےاسرائیل کےخلاف پہلی بارملٹی وار ہیڈنصراللہ میزائل کااستعمال کرتےہوئے اشدود اورحیفا کی آئل ریفائنریزکونشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے اسرائیل کے خلاف’’آپریشن وعدہ صادق 4‘‘کی 65ویں لہر کے دوران اسرائیلی اور امریکی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اسرائیل کے شہر اشدود اور حیفا میں آئل ریفائنریز کو نشانہ بنایا گیا، جہاں پہلی بار ملٹی وار ہیڈ نصراللہ میزائل استعمال کیا گیا۔ ان حملوں میں خیبر شکن، عماد اور حاج قاسم میزائل بھی شامل تھے۔
مزید بتایا گیا کہ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے قیام اور ذوالفقار میزائلوں کے ذریعے خطے میں امریکی اہداف اور مفادات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
خبر ایجنسی نے ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ پینٹاگون نے 200 ارب ڈالر سے زائد اضافی بجٹ کی درخواست وائٹ ہاؤس کو ارسال کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ اضافی فنڈ ایران سے متعلق جنگی اخراجات میں اضافے کے باعث درکار ہوا۔
امریکی اخبار کے مطابق سینیٹ میں اقلیتی رہنما چک شومر نے اس بڑے مالی مطالبے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے اسے بے معنی اور ناقابلِ قبول قرار دیا۔
ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کسی بھی جگہ فوج نہیں بھیج رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کوئی فیصلہ ہوتا تو اسے ظاہر نہیں کیا جاتا، تاہم فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیل اور گیس کی قیمتوں کو کم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔















