خوش باش ممالک میں پاکستان کا نمبرکونسا؟

خوش باش ممالک میں پاکستان کانمبر کونسا ؟حیران کن تفصیلات سامنے آ گئیں۔
اقوام متحدہ کے تعاون سے دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست جاری۔خوشی کا عالمی دن ہر سال 20 مارچ کو منایا جاتا ہے۔فہرست میں پاکستان سمیت147 ممالک میں شامل کیا گیا اور ممالک کی درجہ بندی کیلئے گیلپ ورلڈ پول کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا ، جس کے مطابق فن لینڈ مسلسل 9 ویں بار دنیا کا سب سے خوش ترین ملک قرار پایا ہے۔
اس فہرست میں ممالک کی درجہ بندی کیلئے 2023 سے 2025 کے درمیان کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا، تاکہ عالمی سطح پر خوشی کے احساس کا مستحکم اندازہ لگایا جاسکے۔دنیابھر کے ممالک کی درجہ بندی کیلئے فی کس آمدنی، متوقع زندگی، سماجی مدد، آزادی، سخاوت اور کرپشن جیسے عوامل کو مدنظر رکھا گیا ۔ اس فہرست میں پاکستان 5 درجے بہتری کے ساتھ 104 ویں نمبر پر موجود ہے، گزشتہ سال پاکستان کا نمبر 109 تھا۔
خوش رہنے کے احساس میں ہمسایہ ملک بھارت، پاکستان سے پیچھے ہے، جس کے حصے میں 116 واں نمبر آیا ہے۔ فہرست میں یورپی ملک فن لینڈ مسلسل 9 ویں سال دنیا کا سب سے خوش ترین ملک قرارپایا ہے،مگر اس بار آئس لینڈ ڈنمارک کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ ڈنمارک کے حصے میں تیسرا نمبر آیا ہے۔
چوتھا نمبر کوسٹا ریکا کے نام رہا ، جس کے بعد سویڈن 5 ویں، ناروے چھٹے اور نیدرلینڈز 7 ویں نمبر پر ہے۔ اسرائیل، لکسمبرگ اور سوئٹزر لینڈ بالترتیب 8 ویں، 9 ویں اور 10 ویں نمبر پر ہیں۔ متحدہ عرب امارات 21 اور سعودی عرب 22 ویں نمبر پر، جبکہ حیران کن طور پر سپر پاور امریکا کے حصے میں 23 واں نمبر آیا ہے۔















