ایران کاامریکا،اسرائیل پرایک اورحملہ : تل ابیب سمیت امریکی فوجی اڈے پرنقصان کی اطلاعات

ایران نے امریکا اور اسرائیل پر 78 ویں میزائل لہر کا آغازکردیا،حملےمیں تل ابیب سمیت امریکی فوجی اڈے پرنقصان کی اطلاعات ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے اور اسرائیل کے زیرِ قبضہ علاقوں میں میزائل داغے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بھی ایران کی جانب سے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی اسرائیل میں نقصان کی اطلاعات ہیں، جبکہ متعدد مقامات پر ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ’’آپریشن وعدہ صادق 4‘‘ کے تحت حملوں کی نئی لہر کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور 78ویں لہر میں خطے میں امریکی اہداف اور اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ایلات، دیمونا اور شمالی تل ابیب سمیت مختلف مقامات پر ملٹی وارہیڈ میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان کارروائیوں میں عماد اور قدر میزائل استعمال ہوئے، جبکہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مزید کہا گیا کہ اب تک پاسدارانِ انقلاب کی بیشتر جنگی یونٹس اور بسیج فورسز کو مکمل طور پر متحرک نہیں کیا گیا، تاہم ضرورت پڑنے پر انہیں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی فوج نے امریکی صدر کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آسمان کی طرف دیکھیں، ایک نیا سرپرائز آنے والا ہے جس کے بڑے نتائج سامنے آئیں گے۔
ایرانی فوجی اہلکار نے کہا کہ صدر ٹرمپ ٹیلیفون اور سوشل میڈیا سے توجہ ہٹا کر آسمان، اسٹاک مارکیٹ اور تیل کی قیمتوں پر نظر رکھیں، ایران بڑا سرپرائز دینے والا ہے۔















