چین کاایران جنگ بندی پرروس کیساتھ تعاون جاری رکھنےکااعلان

0
9

چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ یہ بات چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی۔
وانگ یی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی سے متعلق مسائل کے حل کا بنیادی راستہ جلد از جلد جنگ بندی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین ہمیشہ سے عالمی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے سیاسی حل کی حمایت کرتا رہا ہے۔دونوں وزرائے خارجہ کی یہ گفتگو ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف تجارتی جہاز رانی کے تحفظ سے متعلق بحرین کی قرارداد پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آئندہ ہفتے ووٹنگ متوقع ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ یی نے کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی حیثیت سے چین اور روس کو ایک متوازن اور غیر جانب دار مؤقف اپناتے ہوئے عالمی برادری سے زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزراء نے جلد از جلد جنگ بندی کے حصول اور سیاسی و سفارتی مذاکرات شروع کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مطابق عالمی امور پر دونوں ممالک کے مؤقف میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، جن میں ایران سے متعلق صورتحال بھی شامل ہے۔
چین نے بارہا مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا ہے، جس کے باعث آبنائے ہرمز کی اہم بحری گزرگاہ میں صورتحال متاثر ہوئی ہے۔

Leave a reply