
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں کفایت شعاری اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کیے جائیں گے، جبکہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے تک کاروبار محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے، جبکہ نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سرکاری اجلاسوں کو آن لائن پلیٹ فارمز پر منعقد کرنے کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں سرکاری افسران کے پروٹوکول اور سکیورٹی گاڑیوں کو محدود کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری سطح پر عشائیوں پر پابندی کا بھی اعلان کیا گیا ہے، تاہم غیر ملکی وفود کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔کام کے اوقات کار کو بھی محدود کرتے ہوئے ہفتے میں چار دن تک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب تاجر برادری نے ان اقدامات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ شہری صبح کے اوقات میں خریداری کے لیے نہیں آتے اور کاروباری حالات پہلے ہی متاثر ہیں، اس لیے ایسی پابندیوں پر نظرثانی کی جائے۔
ادھر لاہور چیمبر کے صدر نے مارکیٹس جلد کھولنے اور رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری کو حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کے لیے قائل کیا جائے گا۔















