ایران امریکا کشیدگی، مذاکرات کی کامیابی عالمی امن کے لیے ضروری ہے، میاں صداقت مجید

سینئر وائس چیئرمین امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی پنجاب میاں صداقت مجید نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے باعث جنگ کے بادل ایک بار پھر منڈلانے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی پہلی نشست کامیاب نہیں ہو سکی، تاہم امید ہے کہ آئندہ مذاکراتی دور میں پیش رفت ممکن ہوگی اور فریقین کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔
میاں صداقت مجید کے مطابق ایران اور امریکہ کو چاہیے کہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، کیونکہ اگر یہ تنازع طول پکڑتا ہے تو اس سے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی معیشت متاثر ہو سکتی ہے اور صورتحال عالمی جنگ کی طرف بھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی امن کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی قائم رہے۔
ان کے مطابق اس وقت پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں کہ آیا وہ دونوں فریقین کو ایک میز پر اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوتا ہے یا نہیں، کیونکہ ناکامی کی صورت میں عالمی سطح پر سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔














