ایران جنگ یورپی معیشت اور سلامتی کیلئے بھی خطرہ بنتی جا رہی ہے،ترک صدر

ترک صدر رجب طیب اردوان نے خبردار کیا ہے کہ ایران سے متعلق جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے اثرات صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ یورپی ممالک بھی اس سے متاثر ہونا شروع ہو رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات انہوں نے جرمن صدر فرینک والٹر سے گفتگو کے دوران کہی۔
ترک ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ یورپی معیشت اور سلامتی کے لیے بھی خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
صدر اردوان نے زور دیا کہ اگر تنازع کے حل کے لیے سفارتی اور پرامن راستہ اختیار نہ کیا گیا تو اس کے نتائج مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ فوری جنگ بندی کو مستقل بنانے اور مذاکراتی عمل کو دوبارہ فعال کرنے میں کردار ادا کیا جائے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے جنگ بندی مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت سے انکار کیا ہے، جبکہ امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کا عندیہ دیا گیا ہے۔















