’شاید اب کبھی واپس نہ لوٹ سکوں‘ حاجی کا مکہ پہنچنے کے 12 گھنٹے بعد انتقال ہو گیا

ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے حاجی محمد زہیر کے ساتھ حج کے دوران ایک ایمان افروز اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جو مقدس سفر کے آخری لمحات میں اپنی زندگی کی تکمیل کو پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق محمد زہیر اور ان کی اہلیہ فوزیہ نے حج کے لیے آخری وقت پر درخواست دی تھی، جس کی غیر متوقع طور پر فوری منظوری مل گئی اور دونوں مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ مکہ مکرمہ پہنچنے کے تقریباً 12 گھنٹے بعد انہوں نے بیت اللہ کا طواف مکمل کیا۔ اس کے بعد جب وہ صفا و مروہ کی سعی کے لیے جا رہے تھے تو اچانک دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہو گیا۔
ان کی اہلیہ کے مطابق کوالالمپور سے روانگی سے قبل محمد زہیر نے جذباتی انداز میں کہا تھا کہ شاید وہ دوبارہ واپس نہ لوٹ سکیں۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث رہا، جہاں صارفین نے اسے ایک ایمان افروز اور قابلِ رشک انجام قرار دیا، کیونکہ مقدس مقام پر عبادت کے دوران وفات کو نیک خاتمہ سمجھا جاتا ہے۔















