ریاست اور عوام کا اتحاد پاکستان کو مضبوط بنائے گا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

0
2

فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے افسران اور اساتذہ سے خطاب کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ادارے میں دی جانے والی اعلیٰ معیار کی تربیت، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کالج کے فارغ التحصیل افسران ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی اور فرض شناسی کی بدولت نمایاں رہے ہیں۔

انہوں نے بدلتی ہوئی جنگی صورتحال اور جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ابھرتی ٹیکنالوجی، مشترکہ عسکری حکمت عملی اور تینوں مسلح افواج کے درمیان مضبوط ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر جھوٹے پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے روکا نہیں جا سکتا، اور ریاست و عوام کے اتحاد سے تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے حکومتِ بلوچستان کے اقدامات کو بھی سراہا اور افسران و جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ تیاری کی تعریف کی، کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے ان کا استقبال کیا۔

Leave a reply