نئے پی ایف ایف آئین میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی نمائندگی یقینی بنائیں گے، محسن گیلانی

0
14

 پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا ہے کہ نئے پی ایف ایف آئین میں فٹبال سے وابستہ تمام حلقوں کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ انہیں صدارتی اختیارات میں اضافے میں کوئی دلچسپی نہیں۔

فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے تعاون سے منعقدہ دو روزہ گورننس ورکشاپ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی اصلاحات کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے لیے زیادہ شفاف، جمہوری اور نمائندہ نظام قائم کرنا ہے۔

سید محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ نئے آئینی ڈھانچے میں خواتین فٹبال، فٹسل، بیچ سوکر، ای فٹبال، صوبائی فٹبال ایسوسی ایشنز، کلبز اور دیگر تمام متعلقہ شعبوں کو مناسب نمائندگی دی جانی چاہیے تاکہ فیصلہ سازی کا عمل مزید جامع بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ فیفا اور اے ایف سی کی معاونت سے شروع کی جانے والی اصلاحات کو قومی سطح سے آگے بڑھاتے ہوئے صوبائی اور ضلعی سطح تک وسعت دی جائے گی، جبکہ صوبائی فٹبال ایسوسی ایشنز کی انتظامی اور پیشہ ورانہ استعداد بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

ورکشاپ میں فٹبال گورننس، انتخابی نظام، شفافیت، احتساب، مالی نگرانی اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سمیت متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی ایف ایف حکام کے مطابق آئینی اصلاحات کے عمل میں مختلف حلقوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ نیا آئین پاکستان کے فٹبال نظام کی ضروریات اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ جدید گورننس ڈھانچے کے ذریعے پاکستان میں فٹبال کی ترقی، استحکام اور فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی جائے گی۔

Leave a reply