امجد حسین ایڈووکیٹ بلا مقابلہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب، حافظ حفیظ الرحمان قائد حزب اختلاف بن گئے

0
15

پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ بلا مقابلہ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امجد حسین ایڈووکیٹ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر ہیں اور دوسری بار گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ اسمبلی کے سپیکر عمران ندیم نے ان کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف کا انتخاب بھی مکمل کر لیا گیا، جس میں مسلم لیگ (ن) کے حافظ حفیظ الرحمان کو قائد حزب اختلاف منتخب کیا گیا۔ حافظ حفیظ الرحمان ماضی میں گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں اور اس وقت مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صوبائی صدر بھی ہیں۔

گلگت بلتستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 9 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت ہے۔

اس سے قبل گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس سابق سپیکر نذیر ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نئے سپیکر کا انتخاب عمل میں آیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے عمران ندیم بلا مقابلہ سپیکر منتخب ہوئے۔

حلف اٹھانے کے بعد عمران ندیم نے سپیکر کے عہدے کا چارج سنبھالا، جس کے بعد ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ملک کفایت الرحمن بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئے۔

دریں اثنا، کچھ دیر قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ عبدالعلیم خان سے رابطہ کر کے مشترکہ حکومت سازی کی پیشکش کی، جسے عبدالعلیم خان نے قبول کر لیا۔

Leave a reply