مسلسل کمی کےبعدسونےکی قیمت میں ہزاروں روپےکااضافہ

0
9

عالمی بلین مارکیٹ میں مسلسل تیزی کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی نمایاں طور پر دیکھنے میں آئے، جہاں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ اس غیر معمولی اضافے کے بعد قیمتی دھاتیں عام خریدار کی استطاعت سے مزید دور ہو گئی ہیں۔

آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں 3 ہزار 600 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 86 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت بڑھ کر 3 لاکھ 71 ہزار 944 روپے ہو گئی۔

دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 36 ڈالر اضافے کے ساتھ 4 ہزار 113 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر بند ہوئی۔ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی اس تیزی کے اثرات فوری طور پر پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھنے کو ملے۔

ماہرین اور ڈیلرز کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کے لیے سونے کو ترجیح دینے کے رجحان نے قیمتوں میں اس نمایاں اضافے کو جنم دیا ہے۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ سونا ہمیشہ سے ایک محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے۔ افراطِ زر، سیاسی بے یقینی اور معاشی بحران کے دوران سرمایہ کار اپنی دولت کے تحفظ کے لیے سونے کا انتخاب کرتے ہیں، اسی وجہ سے مشکل حالات میں اس کی طلب اور قیمت دونوں میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال سونے کی قیمت مقرر کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی نرخ بین الاقوامی مارکیٹ ریٹ کے مقابلے میں فی اونس 20 ڈالر اضافی بنیاد پر طے کیے جاتے ہیں۔

Leave a reply