
تاشقند: (رپورٹ ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ سے) ازبکستان میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے تاشقند میں ایرانی سفیر محمد علی اسکندری سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، تعاون کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
ایرانی سفیر نے پاکستانی سفیر کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران محمد مدثر ٹیپو نے ایران میں اپنی سابقہ سفارتی ذمہ داریوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہاں گزارا گیا وقت ان کے لیے نہایت اہم اور قابلِ قدر رہا۔ انہوں نے بتایا کہ اس تجربے سے انہیں فارسی ثقافت اور اقدار کو سمجھنے میں مدد ملی۔
پاکستانی سفیر نے ایرانی ہم منصب سے درخواست کی کہ وہ ایرانی قیادت، بالخصوص صدر، نائب صدر، اسپیکر پارلیمنٹ اور وزیر خارجہ تک ان کی جانب سے احترام اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچائیں۔
اس موقع پر ایرانی سفیر محمد علی اسکندری نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا اور امید ظاہر کی کہ خطے میں امن و استحکام مزید مضبوط ہوگا۔
محمد مدثر ٹیپو نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ، تجارتی، اقتصادی اور عوامی سطح پر تعاون کو فروغ دینے سے خطے میں امن، ترقی اور استحکام کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں سفیروں نے پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔















