نشان حیدر میجر طفیل محمد شہید کی 68 ویں برسی ،پاک فوج کا عظیم سپوت کو خراج عقیدت

0
5

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستان کی مسلح افواج نے نشانِ حیدر کے حامل میجر طفیل محمد شہید کی 68ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے خلاف جرأت مندانہ کارروائی کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری اور فرض سے بے مثال وفاداری کا مظاہرہ کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے عزم و حوصلے کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھی اور مشن کی کامیابی یقینی بنائی۔ ان کی بے مثال شجاعت اور عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں ملک کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔اس موقع پر پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے میجر طفیل محمد شہید سمیت وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا کی جرأت، حب الوطنی اور قربانیوں کی میراث آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور وطن کے ہر محافظ کو اپنے فرض کی ادائیگی کے لیے حوصلہ فراہم کرتی رہے گی۔

Leave a reply