
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے میران شاہ، شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا کر پاک فوج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہیں علاقے کی سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور دفاعِ وطن کے لیے عزم کو سراہا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کے خلاف صفِ اول کا بہادر دستہ قرار دیا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔















