
صدرمملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف کےدرمیان اہم ملاقات ہوئی،جس میں سیاسی کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیاگیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ تمام معاملات کو مذاکرات اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ شرکا نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ گزشتہ آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کی گئی تھیں، لہٰذا آئندہ معاملات پر بھی مل بیٹھ کر مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔
ذرائع کےمطابق ملاقات میں وفاقی وزرا اور بلاول بھٹو کے درمیان جاری اختلافات کم کرنے اور معاملات کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو نے صدر آصف زرداری کو آگاہ کیا کہ بعض وفاقی وزرا نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کے حق میں کھل کر بیانات دے رہے ہیں، جس پر انہوں نے اپنا مؤقف واضح کیا ہے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، فریال تالپور، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سہیل انور سیال شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی بھی اجلاس میں موجود تھے، جہاں سیاسی صورتحال، متنازع امور، حکومت کے ساتھ قانون سازی پر جاری مشاورت اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کا جائزہ لیا گیا۔















