وزیر اعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات

0
15

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کے کثیرالجہتی نظام اور عالمی امن و ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار سے وابستگی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی دہرایا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو اہم قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے حق کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ خطے میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا پر بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی توجہ دلائی اور اس کے تدارک کے لیے مؤثر عالمی اقدامات پر زور دیا۔
ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی میں اضافے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور خطے میں امن کے لیے اس کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار اور اقوام متحدہ میں اس کی مؤثر آواز کو سراہا۔ انہوں نے تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کی بھی تعریف کی۔

Leave a reply