اگر دشمنوں نے دوبارہ فوجی تصادم کا راستہ اختیار کیا تو ایران کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا،ایرانی وزیر خارجه

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ اگر مخالفین نے دوبارہ فوجی تصادم کا راستہ اختیار کیا تو ایران پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ اپنا دفاع کرے گا۔
غیر ملکی سفیروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، جبکہ نئی پابندیاں بھی مسئلے کو حل نہیں کرسکتیں۔ ان کے مطابق تنازع کا خاتمہ انصاف اور برابری کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ تہران آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکا کے جواب کا جائزہ لے رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی جانب سے کوئی حتمی جواب تیار ہوا تو اسے مناسب سفارتی ذرائع کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں اہم نکتہ بنا ہوا ہے۔ ایران نے کہا ہے کہ مخصوص شرائط پوری ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو سات روز میں دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔















