قابل تحسین اقدام : ہر ماہ تھوڑی تھوڑی رقم جمع کرکے حج کی تیاری کریں، بلا سود بچت اسکیم منظور

0
6

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی شہریوں کو حج کے اخراجات کے لیے پہلے سے رقم جمع کرنے میں مدد دینے کی غرض سے بلاسود حج بچت اسکیم کی سمری منظور کرلی ہے۔

اس اسکیم کو وزارتِ خزانہ اور نیشنل سیونگز نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ اس کے تحت عازمینِ حج ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہر ماہ اپنی استطاعت کے مطابق رقم جمع کروا سکیں گے۔

اسکیم میں شہری اپنی مالی حالت کے مطابق بچت کی مدت کا انتخاب کرسکیں گے، تاکہ حج کے لیے درکار رقم ایک ساتھ جمع کرنے کے بجائے آہستہ آہستہ رقم محفوظ کی جاسکے۔

مجوزہ اسکیم کے تحت جمع کرائی گئی رقم کسی بھی وقت بغیر کٹوتی کے نکلوائی جاسکے گی۔ اس کے علاوہ بچت اکاؤنٹ یا اس سے متعلق سہولت دوسرے اہلِ خانہ کو منتقل کرنے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکام اس اسکیم کو عمرے اور دیگر مذہبی زیارتوں کے لیے بھی متعارف کرانے پر غور کر رہے ہیں، تاہم اس بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

Leave a reply