واٹس ایپ کا نیا فیچر، اب ٹیکسٹ میسج بھی ایک بار دیکھنے کے بعد غائب ہو جائے گا

واٹس ایپ نے اپنے مقبول ’ویو ونس‘ فیچر کو مزید بہتر بنانے پر کام شروع کردیا ہے، جس کے تحت اب تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ ٹیکسٹ میسجز بھی ایک بار دیکھنے کے بعد غائب ہوجائیں گے۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں یہ فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین ایسے ٹیکسٹ پیغامات بھیج سکیں گے جو ایک بار کھولنے کے بعد خودکار طور پر غائب ہوجائیں گے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین پاس ورڈ، کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات اور دیگر حساس معلومات زیادہ محفوظ انداز میں شیئر کرسکیں گے۔ ایسے پیغامات کو کاپی، فارورڈ یا محفوظ نہیں کیا جاسکے گا، جبکہ ان کا اسکرین شاٹ لینے کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہوگی۔
فی الحال یہ سہولت بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ تمام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ فراہمی کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔














