امریکا میں تکنیکی خرابی کے باعث متاثر ہونیوالا فضائی آپریشن بحال ہونا شروع

0
6
امریکا میں تکنیکی خرابی کے باعث متاثر ہونیوالا فضائی آپریشن بحال ہونا شروع ہوگیا۔
امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) نے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روکنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے گراؤنڈ اسٹاپ ختم کرنے اور فضائی آپریشنز بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث فضائی ٹریفک کنٹرول کا نظام متاثر ہوا تھا، تاہم اس واقعے میں سائبر حملے یا مائیکروسافٹ کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ڈیٹا کے غیر معمولی دباؤ کے باعث سوئچز اور روٹرز نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، جبکہ فضائی نظام کی اپ گریڈیشن کے لیے 50 ارب ڈالر درکار ہیں۔ ان کے مطابق نظام کی مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے اور اس دوران ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے فضائی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کانگریس سے ہنگامی فنڈنگ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
حکام کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث 22 ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز متاثر ہوئے جبکہ 13 ہزار سے زائد پروازوں کے شیڈول میں خلل پڑا۔
ایف اے اے نے بتایا ہے کہ امریکا آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا الگ الگ جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تکنیکی ماہرین خرابی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ فضائی آپریشنز کی بحالی شروع ہوچکی ہے، تاہم معمول کی صورتحال واپس آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

Leave a reply