
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ذاتی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چھوٹی عمر میں شادی ہو جانے کے باعث انہوں نے میڈیکل چھوڑ کر انگلش میں گریجویشن کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات اور میڈلز تقسیم کیے اور فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو مبارکباد دی۔
اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی مٹی بہت زرخیز ہے اور ہماری بیٹیوں کو صرف تھوڑی سی سپورٹ چاہیے، وہ دنیا کو بدل سکتی ہیں، جبکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی دنیا کے بچوں کو ایجوکیٹ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بننا صرف ایک ڈگری نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا عہد ہے اور فارغ التحصیل ڈاکٹرز اپنی محنت اور والدین کی دعاؤں کے باعث اس مقام تک پہنچے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے معاشرتی رویوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں کہا جاتا ہے کہ بیٹوں کو پڑھاؤ بیٹیوں کو نہیں کہ ان کی تو شادی ہو جائے گی، حالانکہ پاکستان کی آبادی کا 51 فیصد خواتین پر مشتمل ہے اور خواتین کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
اس موقع پر انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چھوٹی عمر میں شادی ہو جانے کے باعث انہوں نے میڈیسن چھوڑ کر انگلش میں گریجویشن کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ حلف لیا کہ ہر مریض کی جان بچائیں گی، کیونکہ اس منصب پر ایک دستخط کے ساتھ کروڑوں زندگیوں کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ میرے لیے وہ مریض سب سے اہم ہے جس کے پاس علاج کے وسائل نہیں ہیں، جبکہ اسٹروک اور دل کے مریض کو فوری علاج نہ ملے تو زندگی کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔















