امریکہ کو ایران کے معاملے میں بہت جلد فتح حاصل ہونے جا رہی ہے،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری صورتحال میں امریکہ کو جلد کامیابی حاصل ہوگی۔
ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران ایک خوبصورت ملک ہے اور وہ اس کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے تھے، تاہم جوہری پروگرام کی وجہ سے یہ اقدام ضروری ہوا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ جنگ زیادہ طویل نہیں چلے گی اور جلد مثبت انداز میں ختم ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو ایران کے معاملے میں بہت جلد فتح حاصل ہونے جا رہی ہے۔ امریکہ کے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اسے مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے باعث عالمی معیشت پر بھی اثرات پڑے، تاہم اس کے باوجود خام تیل کی قیمتیں اتنی زیادہ نہیں بڑھ سکیں جتنا پہلے خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے ایران کو ذہین قوم قرار دیتے ہوئے وہاں کے لوگوں کو “فائٹرز” بھی کہا۔















