نوجوانوں کوجدیدعلم اورمہارتوں سےآراستہ کرناوقت کی ضرورت ہے،وزیراعظم

0
7

وزیراعظم شہبازشریف نےکہاہےکہ نوجوانوں کوجدیدعلم اورمہارتوں سےآراستہ کرناوقت کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں انڈس اے آئی ویک 2026 کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتےہوئےوزیراعظم شہباز شریف کاکہناتھاکہ ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹائزیشن سے محصولات کی وصولی میں شفافیت آئی جبکہ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے بندرگاہوں پر جدید سکینرز اور آلات نصب کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم کامزید کہنا تھا کہ ای سٹامپ پیپر کے اجرا سے حکومتی آمدن میں اضافہ ہوا جبکہ زمین کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنا کر شفافیت کو یقینی بنایا گیا، لینڈ ریکارڈ میں اصلاحات کے نتیجے میں کرپشن کے خاتمے میں مدد ملی اور ریونیو افسران کی بدعنوانی کا راستہ روکا گیا۔ حکومت ملک میں نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے، جن میں ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ کی فراہمی، ای لائبریریز کا قیام اور تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل اصلاحات شامل ہیں۔
شہبازشریف کاکہناتھاکہ پاکستان مشترکہ عزم اور جوش کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں جدید علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان اب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں عالمی سطح پر قدم رکھنے کے لیے تیار ہے۔ لاہور میں پہلا سیف سٹی منصوبہ اور ملک کی پہلی آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام بھی اسی دور کی اہم کامیابیاں ہیں۔
مزید برآں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے دیہی علاقوں تک رسائی حاصل کرتے ہوئے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور تکنیکی مہارتیں فراہم کیں جبکہ وفاق، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے سکولوں میں اے آئی کا نصاب متعارف کرا دیا گیا ہے جو مستقبل کی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

Leave a reply