فیفاورلڈکپ 2026میں نئی تاریخ رقم،پاکستانی نژادفٹبالرکی ایونٹ میں انٹری

عراق کی قومی فٹبال ٹیم کے مڈفیلڈر زیڈان اقبال فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے ساتھ ایک منفرد تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں۔
وہ فیفا ورلڈ کپ میں کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر ہوں گے، جس پر دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی خوشی اور فخر کا اظہار کر رہی ہے۔
23 سالہ زیڈان اقبال انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں پیدا ہوئے۔ ان کی والدہ عراقی جبکہ والد کا تعلق پاکستان سے ہے۔
انہوں نے اپنے فٹبال کیریئر کا آغاز مقامی کلب سے کیا اور بعد ازاں مانچسٹر یونائیٹڈ کی مشہور اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی۔
2021 میں وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی پہلی ٹیم میں شامل ہونے والے پہلے برطانوی جنوبی ایشیائی کھلاڑی بھی بنے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں زیڈان اقبال نے کہا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر ہوں گے تو وہ حیران رہ گئے۔
ان کے مطابق بچپن میں ان کا مقصد صرف فٹبال کھیلنا اور کھیل سے لطف اندوز ہونا تھا، نہ کہ تاریخ رقم کرنا۔
ورلڈ کپ 2026 میں ان کی شرکت کو عراق اور پاکستانی نژاد شائقین فٹبال دونوں کے لیے ایک اہم اور یادگار لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔















