شوہر کے انتقال کے بعد مشکل دور سے گزری، رابعہ نورین

سینئر اداکارہ رابعہ نورین نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے شوہر اداکار عابد علی کے انتقال کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی تھیں۔
ایک شادی کی تقریب کے دوران ذہنی صحت سے متعلق سوال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہیں’’مینٹل ہیلتھ‘‘ کی اصطلاح کا حقیقی مطلب اس وقت سمجھ آیا جب وہ خود اس کیفیت سے گزریں۔
رابعہ نورین کے مطابق شوہر کے انتقال کے بعد انہوں نے ایک مشکل دور دیکھا، جسے عام طور پر ڈپریشن کہا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حالت میں انسان کو روزمرہ کاموں جیسے تیاری کرنا، کھانا کھانا، لوگوں سے ملنا اور بات چیت کرنا بھی بوجھ لگنے لگتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مشکل وقت سے نکلنے میں ان کے بہن بھائیوں نے ان کا ساتھ دیا، جبکہ ان کے بھائی، جو ہومیوپیتھک ڈاکٹر ہیں، نے ان کے علاج میں مدد کی۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اصل بہتری اسی وقت ممکن ہوتی ہے جب انسان خود اس کیفیت سے نکلنے کا عزم کرے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ذہنی صحت اور جسمانی صحت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، اور اگر ذہنی کیفیت متاثر ہو تو جسمانی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ذہنی دباؤ یا مزاج میں تبدیلی کی صورت میں خاموش نہ رہیں بلکہ کسی سے بات کریں اور بہتری کی کوشش شروع کریں۔















