گورنر پنجاب نے ٹریفک جرمانوں میں بڑی کمی، قید کی سزائیں ختم کر دیں

0
3

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے ٹریفک قوانین سے متعلق جرمانوں اور سزاؤں میں بڑی نرمی کی منظوری دے دی۔
گورنر پنجاب نے صوبائی موٹر وہیکل (دوسری ترمیمی) بل 2026 پر دستخط کر دیے، جس کے بعد سخت سزاؤں اور بھاری جرمانوں سے متعلق متعدد شقوں میں ترمیم کر دی گئی ہے۔نئے قانون کے تحت مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر قید کی سزائیں ختم جبکہ جرمانوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں بھاری جرمانے مناسب نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی ریلیف کے فیصلے کرتی آئی ہے، اور نئی ترامیم سے غریب افراد، موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیوروں کو فائدہ ہوگا۔
ترمیمی بل کے مطابق بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر پہلے 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے جرمانہ اور قید کی سزا تجویز تھی، جسے کم کر کے 5 سے 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ قید ختم کر دی گئی ہے۔اسی طرح ون وے کی خلاف ورزی پر پہلے 50 ہزار روپے جرمانہ یا 6 ماہ قید کی سزا تھی، تاہم نئے قانون کے تحت صرف 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔
عمر کی حد کی خلاف ورزی، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی چلانے اور اوور لوڈنگ جیسے جرائم میں بھی سزاؤں میں نرمی کی گئی ہے۔
نئے قانون کے مطابق کئی جرائم پر لاکھوں روپے جرمانے اور قید کی سزائیں ختم کر دی گئی ہیں۔گورنر پنجاب کے دستخط کے بعد پراونشل موٹر وہیکل (فورتھ امینڈمنٹ) آرڈیننس 2025 منسوخ ہو گیا ہے۔

Leave a reply