سانحہ گل پلازہ: سی سی ٹی وی فوٹیج کو مقدمے اور انکوائری کا حصہ بنا لیا گیا

0
12

سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات میں سی سی ٹی وی فوٹیج کو مقدمے اور انکوائری کا حصہ بنا لیا گیا ۔
پولیس کو میزنائن، فرسٹ اور سیکنڈ فلور کی سی سی ٹی وی فوٹیج دستیاب نہ ہو سکی۔ تاہم ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے آتشزدگی کے ابتدائی 20 منٹ کی سی سی ٹی وی ویڈیوز حاصل کر لی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میزنائن فلور کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو مقدمے اور انکوائری کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ آگ سوا 10 بجے لگی، لیکن آدھے گھنٹے بعد بھی دکانیں کھلی رہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں 11 بجے تک دکانداروں اور گاہکوں کو بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکار شہریوں کو باہر نکالنے کے بجائے موقع پر پہنچتے ہی پانی چھڑکنے میں مصروف ہو گئے۔ زیادہ تر افراد عمارت سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے، تاہم 25 سے 30 افراد دبئی کراکری شاپ میں ہی رک گئے۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ دبئی کراکری کے دکانداروں نے لوگوں کو باہر نکلنے سے روکا۔ پولیس کو دیے گئے بیان میں ایک ریسکیو کرنے والے دکاندار نے بتایا کہ اس نے قریباً 150 گاہکوں کو باہر جانے کا راستہ دکھایا۔
ذرائع کے مطابق دبئی کراکری میں موجود افراد کو چلنے کا کہا گیا، مگر دکانداروں نے انہیں روک دیا اور کہا کہ آگ بجھ جائے گی، کہیں جانے کی ضرورت نہیں۔ شہریوں نے یہ بیان پولیس کو دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق انہی تقریباً 30 افراد کی باقیات دبئی کراکری سے برآمد ہوئیں۔

Leave a reply