
خیبرپختونخواحکومت نےمارکیٹیں رات 9بجےبندکرنےکےاحکامات جاری کردئیے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے بھر میں مارکیٹوں کے اوقات کار محدود کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔
جاری اعلامیے کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کی جائیں گی جبکہ دیگر اضلاع میں تمام مارکیٹوں کو رات 8 بجے تک بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مزید برآں ریسٹورنٹس اور کیفے کو رات 10 بجے تک بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم ہوم ڈیلیوری کی اجازت برقرار رہے گی۔
حکام کے مطابق شادی ہالز اور ایونٹ ہالز کو بھی رات 10 بجے تک تقریبات ختم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے، جبکہ غیر ضروری لائٹس، فلوڈ لائٹس اور ڈیکوریشن لائٹنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اسی طرح بل بورڈز اور ایل ای ڈی اسکرینز کو دکانیں بند ہونے کے بعد بند رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ غیر ضروری تجارتی سرگرمیوں کے لیے جنریٹرز کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ہسپتال، فارمیسی، پٹرول پمپس اور تندور ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔یہ نئے احکامات 6 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔















